رائے گن سدھی (مہاراشٹر) ، 14 دسمبر (یو این آئی) مہاراشٹرا نونرمان سینا (ایم این ایس) نے جن لوک پال کے مطالبے کو لیکر بھوک ہڑتال پر بیٹھے سماجی کارکن انا ہزارے کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ریاستی اسمبلی میں ایم این ایس کے لیڈر بالانان گاونکر انا کو حمایت دینے کیلئے اپنی پارٹی کے ایم ایل اے کے ساتھ کل یہاں پہنچے۔اس سے قبل عام آدمی پارٹی کے لیڈر کمار وشواس کی قیادت میں پہنچے پارٹی کے 100 سے زائد ممبران سابق آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ کے ساتھ بحث کے بعد واپس لوٹ گئے۔
جنرل سنگھ نے اپنی تقریر میں کسی کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ کچھ افراد نے انا ہزارے کی تحریک کا فائدہ اٹھایا اور پھر ان کا ساتھ چھوڑ کر چلے گئے۔ ایسے لوگوں کے پاس انا کی تحریک کا فائدہ اٹھانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے ۔ جنرل سنگھ کی یہ بات سن کر عام آدمی پارٹی کے لیڈر گوپال رائے ناراض ہوگئے اور جنرل سنگھ سے الجھ گئے۔مسٹر رائے اور جنرل سنگھ کے درمیان ہوئی نوک جھونک سے انا ہزارے ناراض ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر رائے کا رویہ درست نہیں ہے اور اگر انہیں شور کرتا ہے تو وہ گاوں چھوڑکر چلے جائیں۔