بھوپال ؛مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیو راج سنگھ چوہان نے آج یہاں کہا کہ سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کی حیات پر مبنی ایک سبق مدھیہ پردیش کے تمام اسکولوں میں پڑھایا جائے گا تا کہ طلبہ بھی اس سبق سے درس حاصل کرتے ہوئے اپنی زندگی میں بہترین اور مثالی شہری بن سکیں ۔ چوہان نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ڈاکٹر کلام کی زندگی اور کارناموں پر مدھیہ پردیش کے اسکولی نصاب میں ایک سبق شامل کیا جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ بچوں کو عبدالکلام کے حیات اور کارناموں کے بارے میں درس دینے سے انہیں اپنی زندگی کے مقاصد کے حصول اور مثالی شہری بننے کی ترغیب ہوگی ۔ چوہان نے کہا کہ ’’عبدالکلام خود میرے لئے بھی ترغیب و اُمنگ کا ایک سرچشمہ تھے ۔ ان کی موت سے ایک خلاء پیدا ہوا ہے اور ایک ایسا نقصان ہوا ہے جس کی تلافی ممکن نہیں ہے ‘‘۔ چوہان نے کہا کہ ’’عبدالکلام نے یہ ثابت کردکھایا کہ کسی معمولی خاندانی پس منظر سے تعلق رکھنے والا شخص بھی سخت محنت اور صلاحیتوں کے ذریعہ جلیل القدر منصب پرفائض ہوسکتا ہے ‘‘۔