لکھنو ¿:شہر میں جرائم کا گراف نیچے گرنے کے بجائے آسمان چھوتا نظر آرہاہے۔ آئے دن کسی تھانہ میں قتل ، دوہرے قتل اور لوٹ جیسی سنگین واردات کو انجام دے کر مجرم فرار ہوجاتے ہیں ۔ جس کے بعد موقع پر پہنچی پولیس لکیر پیٹتی رہ جاتی ہے۔ لکھنو ¿ کے مہا نگر میں جرائم کو انجام دیتے ہوئے مجرمین نے ایک نیا راستہ تلاش لیا۔ بدمعاش مہا نگر تھانہ واقع راما کار سیل پہنچے اور وہاں ایک ٹوئٹا فارچیونر ایس یو وی پسند کی۔ جس کے بعد اس کی ٹسٹ ڈرائیو کا بہانہ کرکے گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔ راما کار بازار کے مالک نے گاڑی کے ساتھ اپنا ایک ملازم بھی بھیجا تھا جس کا بدمعاشوں نے قتل کرکے لاش کو گھاگھرا ندی میں پھینک دیا۔ بدھ کو مہا نگر پولیس نے سرویلانس ٹیم کی مدد سے اس واردات کا پردہ فاش کرکے ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔
غور طلب ہے کہ مہا نگر میں پرانی کار کے کاروباری راما کار سیلس سے گزشتہ سنیچر کی دوپہر پرانی کار خریدنے کے لئے گومتی نگر وشواس کھنڈ باشندہ اجے آئے اور ایک فارچیونر گاڑی پسند کیا۔ گاڑی پسند کرنے کے بعد وہ اسے ٹسٹ کے لئے لے جانا چاہتے تھے۔ گاہک اجے کی خواہش کے مطابق بنٹی نے اسے اپنے یہاں تعینات ایک ڈرائیور مونو (۳۵) کو ان کے ساتھ بھیج دیا۔ ٹسٹ ڈرائیو کے لئے نکلا اجے اور ڈرائیور گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد بھی واپس نہیں آئے ۔ گھنٹوں تک ٹیسٹ ڈرائیو سے نہ لوٹ کر آنے پر راما کار سیلس کے مالک بنٹی پریشان ہوگیا۔اور اس نے ڈرائیور کو فون لگایا لیکن ڈرائیور کا فون بند نکلا۔ جس کے بعد اس نے ٹیسٹ ڈرائیو پر جانے سے پہلے لئے گئے اجے کے نمبر پر فون لگانا شروع کیا۔ لیکن وہ فون بھی بند تھا مجبور ہوکر اسے انتظار کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں دکھا۔ لہذا اس نے انتظار کرنے میں ہی اپنی بھلائی سمجھی ۔ فارچیونر اور ڈرائیور کے ساتھ غائب ہوئے گاہک کو چوبیس گھنٹے سے زیادہ عرصہ گزرجانے کے بعد بھی ان کا کوئی پتہ لگتا نہ دیکھ کر راما کار سیلس کے مالک بنٹی مہا نگر تھانے پہنچے اور معاملہ درج کروایا۔
اودھ کلارک میں دوسری شادی کے دوران میڈیا پر حملہ کرانے والانکلا ملزم: گومتی نگر میں پراپرٹی ڈیلنگ کا کام کرنے والے بی جے پی لیڈر ابھشیک ترپاٹھی کو اس کے گارڈ نائک کے ساتھ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ابھشیک ترپاٹھی اس مرتبہ بی جے پی سے امبیڈکر نگر کی جلال پور نشست سے الیکشن لڑنے کی تیاری میں تھا ۔ ابھشیک کے مطابق انتخابی حلقہ میں رعب جمانے کے لئے اسے فارچیونر کی ضرورت تھی جس کے لئے اس نے ڈرائیور کا قتل کرکے اسے لوٹ لیا تھا۔ واضح ہو کہ یہ وہی ابھشیک ترپاٹھی ہے جس نے اودھ کلارک میں دوسری شادی کرتے وقت میڈیا پر حملہ کروادیا تھا۔
مہا نگر پولیس نے مانگی تھی سرویلانس ٹیم کی مدد: مہا نگر پولیس کے لئے تنہا اس واردات کا انکشاف کرنا لوہے کے چنے چبانا جیسا ثابت ہورہا تھا۔ جس کے سبب مہا نگر پولیس نے سرویلانس سیل کی مدد مانگی ۔ سرویلانس ٹیم کے سرگرم ہوتے ہی دو دن کے اندر واردات کا پردہ فاش ہوگیا۔ شہر میں سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے ان کا روٹ چارج تیار کیا گیا۔ جس کی بنیاد پر دو ملزمین کی گرفتاری کی گئی ہے۔ پکڑے گئے ملزمین نے پوچھ گچھ میں بتایا کہ اس نے ڈرائیور مونو کا گولی مار کر قتل کردیا اور لاش کو گھاگھرا ندی میں پھینک دیا۔ ٹیسٹ ڈرائیو کے درمیان اپنا غلط نام اجے بتایا تھا۔ جب کہ اس کا اصلی نام ابھشیک ترپاٹھی ہے۔ جو خود کو بی جے پی کا لیڈر بتاتاہے۔ ساتھ ہی اس کا ساتھی نائک بھی پکڑا گیاہے۔ ملزم کے پاس سے لوٹی ہوئی گاڑی اور قتل میں استعمال لائسنسی پستول برآمد ہوئی ہے۔