کانپور:شہر کے بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں بینک سے پیسہ نکال کر واپس جارہے نوجوان سے بدمعاشوں نے دن دہاڑے دو لاکھ روپئے لوٹ لیا۔ بدمعاش واردات انجام دے کر بھاگ نکلے ۔ اطلاع پر دو تھانوں کی فورس معاملے کی جانچ کیلئے پہنچی ۔ نوجوان سے پوچھ گچھ اور تفتیش کے دوران پولیس کو معاملہ مشتبہ لگ رہا ہے۔ فی الحال تحریر لے کر پولیس نے جانچ شروع کردی ہے۔ آبائی طور سے شکلا گنج میں رہنے والے راجیش شریواستو سیڈلری کا کام کرتا ہے۔ وہ سیڈلری کاروباری کے نتن اگروال کی فیکٹری میںتعینات ہے۔ منگل کو نتن نے راجیش کو سیلف کی چیک دے کر بینک سے پیسہ نکالنے کیلئے بھیجا تھا۔ ملازم راجیش آج دو پہر ایک بجے وی آئی پی روڈ واقع اسٹاک ایکسچینج کے پاس بنے یش بینک میں چیک لے کر پہنچا ۔ بینک سے راجیش تقریباً دو لاکھ روپئے نقد بیگ میں لے کر باہر نکلا ۔ چوراہے کی دوسری طرف کھڑی موٹر سائیکل کی طرف جارہا تھا۔وی آئی پی روڈ پار کرنے کے دوران موٹر سائیکل سوار بدمعاش آئے اور راجیش سے نوٹوں سے بھرا نوٹ چھین لیا۔ چھینا جھپٹی میں کچھ پیےسے سڑک پر ہی گر گئے۔ سرراہ واردات کو دیکھ کرجب لوگ بدمعاشوں کے پیچھے دوڑے اس سے قبل ہی لٹیرے موٹرسائیکل سے فرار ہوگئے۔ سڑک پر گرے پیسے اٹھاتے ہوئے راجیش نے اطلاع پولیس کو دی۔ اطلاع ملتے ہی سی او کرنل گنج وویک ترپاٹھی اور دو تھانوں کی پولیس فورس موقع پر پہنچی ۔ سی او نے متاثر سے پوچھ گچھ شروع کی ۔ جہاں ملازم نے بتایا کہ وہ کمپنی کے مالک کے چیک کے ذریعے بینک سے پیسہ نکالنے کیلئے آیا تھا۔ پیسہ نکال کر سڑک کے اس پار کھڑی موٹر سائیکل پر بیٹھنے جارہا تھا۔ تبھی بدمعاشوں نے حملہ کردیا۔ بدمعاشوں نے ایک لاکھ تیس ہزار روپئے کی لوٹ انجام دی۔ جبکہ بدمعاشوں کے ذریعہ چھوڑا گیا ۱۳ ہزار روپئے راجیش کے پاس ہے۔ خبر لکھے جانے تک سی او نے بتایا کہ متاثرہ سے پوچھ گچھ پر معاملہ مشتبہ لگ رہا ہے۔ فی الحال مالک نتن اگروال کے آنے کے بعد ہی صحیح مل پائے گی۔