اسلام ؛پاکستان کے صوبہ سندھ کی دارالحکومت کراچی میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں پانچ مشتبہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جن کے بارے میں پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔یہ واقعہ بدھ کی شب اورنگی کے علاقے مومن آباد ضیا کالونی میں پیش آیا ہے ۔کراچی پولیس کے ایس ایس پی اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ دو موبائلوں گشتی ٹیم کے اہلکار سڑک پر تلاشی لے رہے تھے کہ انھوں نے ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا۔ان کے مطابق موٹر سائیکل سوار نے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور اسی دوران ایک اور گاڑی سے بھی فائرنگ کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزمان کا تعاقب کیا گیا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔پولیس نے ان افراد سے بال بم اور دستی بم کے علاوہ پستول اور کلاشنکوف برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ہلاک ہونے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے لیکن پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے ۔