ڈی جمینا:چاڈ نے آج کہا ہے کہ اس نے بوکو حرام کے خلاف چلائی جا رہی مہم میں دو ہفتوں کے دوران 117عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے ۔چاڈ فوج کے ترجمان کرنل عظیم برمانڈوا نے بتایا کہ بوکو حرام کے خلاف چلائی جا رہی مہم میں ہم نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے اور محض دو ہفتوں کے دوران ان کے 117عسکریت پسندوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوجیوں نے انہیں ان کے پوشیدہ ٹھکانوں سے نکال کر ہلاک کیا ہے اور ان کے کئی ٹھکانوں کو تباہ بھی کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چاڈ نے اس مہم کے لئے ہزاروں فوجیوں کی تقرری کی تھی۔ مہم کے دوران انہیں نائیجیریا، کیمرون اور نائیجر کی فوجوں کا بھی تعاون حاصل رہا۔کرنل نے کہا کہ ہم نے چاڈ جھیل سے ان کے قبضے کو ختم کرادیا ہے اور انہیں وہاں سے فرار ہونے پر مجبور کر دیا ہے ۔ فوجیوں نے انہیں مختلف مقامات پر موت کے گھاٹ اتارا ہے ۔ہم نے ان کی کشتیوں کو بھی تباہ کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اور کاروائی کے دوران کافی مقدار میں اسلحہ برامد کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دو ہفتوں میں ہم نے ان کے کئی علاقوں پر ریڈ کیا اور انہیں وہاں گھیر کر ہلاک کیا۔