نئ دہلی:مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اس کی زیر قیادت سابقہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ) سرکار کے وزیر داخلہ نے “ہندو دہشت گردی” کی اصطلاع استعمال کرکے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو کمزور کرنے کی کوشش کی تھی اور آج جو کچھ ہورہا ہے اسی کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے
کیونکہ اس کی کمزور پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف ملک کی لڑائی پیچیدہ ہوکر رہ گئی ہے ۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے پیر کے روز علی الصباح پنجاب کے گرداسپور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بارے میں آج لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ” یہ ایوان ہی نہیں بلکہ پورا ملک میر ی اس بات سے متفق ہوگا کہ دہشت گردی آج ملک کے لئے سب بڑا چیلنج ہے ۔ اس مسئلے پر ملک اور پارلیمنٹ کو منقسم نہیں ہونا چاہئے ، بلکہ متفق نظر آنا چاہئے ۔ ایک طرف دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ہمارے جوان شہید ہورہے ہیں اور دوسری طرف سنجیدہ مسئلے پر بحث کے دوران پارلیمنٹ میں شور شرابہ ہو ، اس کو ملک کے عوام تسلیم نہیں کرسکتے “۔