پٹنہ:پٹنہ ہائی کورٹ نے بہار میں برسراقتدار جنتا دل یونائٹیڈ کے چار برخاست ممبران اسمبلی کی رکنیت آج بحال کردی ہے ۔جسٹس راکیش کمار نے برخاست ممبر اسمبلی اجیت کمار (کانٹی)، راجیو سنگھ (صاحب گنج)، سریش چنچل (سکرا) اور پونم دیوی (دیگھا)کی جانب سے دائر عرضی پر سماعت کے بعد ان کی رکنیت بحال کردی۔
عدالت کے فیصلہ کے مطابق چاروں باغی ممبران اسمبلی کی کارروائی میں اب حصہ لے سکی گے لیکن انہیں اسمبلی کے اندر ووٹ دینے کا اختیار نہیں ہوگا۔14 جولائی کو اس طرح کے ایک معاملہ میں جنتا دل (یو) کے گیانندر سنگھ سمیت چار ممبران کو سپریم کورٹ سے راحت ملنے کی بنیاد پر ان چار ممبران اسمبلی نے بھی پٹنہ ہائی کورٹ میں ایک عرضی داخل کرکے اپنے لئے راحت مانگی تھی۔قابل ذکر ہے کہ پچھلے سال راجیہ سبھا کے ضمنی چنا¶ کے دوران پارٹی وہپ کی خلاف ورزی کرکے پارٹی کے باقاعدہ امیدوار کے خلاف ووٹنگ کرنے کے معاملہ میں اسمبلی اسپیکر ادے نارائن چودھری نے جنتا دل یو کے آٹھ ممبران کی رکنیت رد کردی تھی۔