نئی دہلی:لوک سبھا میں اپنے 25 اراکین کی معطلی کے خلاف احتجاج میں کانگریس کے اراکین نے آّج دوسرے دن بھی پارلیمنٹ کے احاطے میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے نزدیک دھرنا دیا
اور مودی حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔کانگریس صدر سونیا گاندھی ، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی ، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد، ڈپٹی لیڈر آنند شرما، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے ، سابق مرکزی وزراءاے کے انٹونی ، رینوکا چودھری، کمل ناتھ، جیوتر آدیتہ سندھیا ، ویرپا موئلی وغیرہ لیڈروں کے ساتھ ساتھ ممبران پارلیمنٹ دگ وجے سنگھ، پرمود تیواری، دیپندر سنگھ ہڈا وغیرہ نے بھی دھرنے میں حصہ لیا۔ کانگریس کے کئی اراکین نے سیاہ کپڑے پہن رکھے تھے ۔ انہوں نے بازو پر کالی پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں اور وہ سیاہ پرچم لہرارہے تھے اور مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے ۔