کوالالمپور: ملائیشیا کے دورے پر پہنچے امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ہیروشمیا پر امریکی جوہری حملہ اس بات کی اہمیت پر زور دیتا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے دور رکھا جائے ۔ انہوں نے یہ بات ہیروشیما پر ایٹم بم گرائے جانے کے 70 برس مکمل ہونے پر جمعرات کے روز کہی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک طاقتور یاد دہانی ہے کہ کس طرح جنگ کے اثرات افراد اور ممالک کو متاثر کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدے سے جوہری ہتھیاروں کی مزید تیاری کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ روس کے ساتھ مل کر جوہری اثاثوں میں کمی پر کام کرتا رہے گا۔ مسٹرکیری نے کہا کہ ہیروشیما پر بم گرائے جانے کے 70 سال پورے ہونے کا یہ دن ایران کے ساتھ اس کے ایٹمی پروگرام پر گزشتہ ماہ ہوئے معاہدے کی اہمیت کو مزید واضح کرتا ہے ۔