نئی دہلی:دوسری جنگ عظیم کے دوران 1945 میں جاپان کے ہیروشیما اور ناگا ساکی شہروں پر ایٹم بم گرائے جانے کی 70 ویں برسی پر لوک سبھا میں آج اس سانحہ میں ہلاک ہونے والوں کو دلی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اس دوران جاپان کا ایک وفد بھی وزیٹرس گیلری میں موجود تھا۔صبح 11 بجے لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر سمترا مہاجن نے ایوان کو بتایا کہ اس سال چھ اگست اور نو اگست کو ہیروشیما اور ناگا ساکی پر ایٹم بم گرانے کی 70 ویں سالگرہ ہے ۔
اس بمباری میں ناقابل تصور تباہی ہوئی تھی ۔ اس سانحہ میں ہزاروں معصوم لوگوں کی موت ہو گئی، لاکھوں لوگ زخمی ہو گئے اور زندگی بھر کے لئے معذور ہو گئے ۔ تقریباً سات دہائی گزر جانے کے بعد بھی ان شہروں کے باشندے تابکاری کے خطرناک اثرات سے متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ عدم تشدد کے اصول پر چلا ہے اور اس نے دنیا کے امن اور استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ اس موقع پر ہم دوبارہ عہد کریں کہ ہم پوری دنیا میں امن اور خوشحالی پھیلانا یقینی بنائیں گے ۔ اس کے بعد ایوان نے نیوکلیائی سانحہ کے شکار افراد کے احترام میں تھوڑی دیر خاموش اختیارکی۔