واشنگٹن: امریکی سینیٹ کے ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک اہم رکن چک شومر نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی مخالفت کرنے کا اعلان کر صدر براک اوبامہ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔مسٹر شومر نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کر ڈیموکریٹک پارٹی کے دوسرے ارکان سے بھی اپیل کی ہے کہ ایران کے ساتھ کئے گئے جوہری معاہدے کی مخالفت کرنے کے لئے آگے آئیں اور ان کا ساتھ دیں۔
نیویارک کے یہودی سینیٹر چک شومر ڈیموکریٹک پارٹی کے بہت ہی اہم ر کن ہیں جنہوں نے معاہدے کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے سنیٹر اور یہودی رہنما ایلیٹ اینجوئی جو ایوان میں نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے رکن بھی ہیں کل کہہ چکے ہیں کہ وہ معاہدے کی مخالفت کریں گے ۔ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاھو امریکی کانگریس کے ارکان سے اپیل کر چکے ہیں کہ وہ اسرائیل کے لئے خطرے کے پیش نظرجوہری معاہدے کی مخالفت کریں۔
دوسری طرف صدر اوبامہ کانگریس کے ارکان کی حمایت کے لئے مہم چلا رہے ہیں۔ اس درمیان امریکی سینیٹ کی اکثریت والی ریپبلکن پارٹی کے لیڈر سینیٹرمچ میکنیل نے صدر اوبامہ کی اس دلیل کو مسترد کر دیا ہے کہ جوہری معاہدے کو مسترد کرنے کا مطلب ہوگا جنگ کا راستہ کھولنا۔