جموں: جموں و کشمیر کے ضلع اودھم پور میں 48 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں کل رات دہشت گردوں نے ایک تھانہ پر حملہ کردیا جس میں ایک اسپیشل پولیس افسر زخمی ہوگیا ۔ بعدازاں دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے ۔ایک پولیس افسر نے آج یہاں بتایا کہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے کل رات تقریباً پونے 10 بجے اودھم پور کے بسنت گڑھ کے سانگ تھانے پر حملہ کردیا۔ تھانے پر تعینات پولیس جوانوں نے بھی جوابی کارروائی کی۔
اس کے بعد دہشت گردوں اور پولیس جوانوں کے مابین تصادم میں ایک ایس پی او زخمی ہوگیا جس کی شناخت گل محمد کے طور پر کی گئی ہے ۔افسر کے مطابق یہ تھانہ دوردراز کے علاقے میں ہونے کے سبب اضافی پولیس فورس کو موقع پر پہنچنے میں تھوڑا وقت لگ گیا۔ پولیس ترجمان نے آج صبح بتایا کہ تلاشی مہم جاری ہے ۔ ترجمان کے مطابق ریاسی ضلع کے سلال بجلی پروجیکٹ کے نزدیک مقامی لوگوں نے مبینہ طور پر ایک مشتبہ شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا ہے ۔