ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان کی فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ نے باکس آفس پر 300کروڑ روپے کی کمائی کرلی ہے ۔سلمان خان کی فلم بجرنگی بھائی جان عید کے موقع پر 17جولائی کو ریلیز ہوئی تھی ۔ فلم نے اپنے پہلے ہفتہ میں ہی ہندوستانی بازار میں 184کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی تھی۔ یہ فلم اب تک ہندوستانی بازار میں 300کروڑ روپے اور اوورسیز کوملاکر تقریباً 550کروڑ سے زائد کی کمائی کرچکی ہے ۔
اس کے ساتھ ہی بجرنگی بھائی جان نے دھوم ۔3کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے ۔بالی ووڈ میں 500کروڑ سے زائد کی کمائی کرنے و الی دیگر فلموں میں پی کے اور دھوم۔3شامل ہیں۔ دھوم نے 542کروڑ جبکہ پی کے 735کروڑ کی گراس کمائی کی ہے ۔ پی کے نے ہندوستانی بازار میں 339کروڑ روپے کی کمائی کی ہے جبکہ بجرنگی بھائی جان دوسری 300کروڑ روپے کی کمائی کرنے والی فلم ہے ۔کبیر خان کی ہدایت کاری میں بنی فلم بجرنگی بھائی جان میں سلمان خان کے علاوہ قرینہ کپور، نواز الدین صدیقی اور ہرشالی ملہوترا نے اہم کردار ادا کئے ہیں۔ سلمان خان اس فلم کے فلمساز بھی ہیں۔