مائیکرو سافٹ نے آئی او ایس اور آنڈرائیڈ صارفین کے لیے اپنی نئی ٹرانسلیٹر اپلیکیشن متعارف کرادی ہے۔یہ اپلیکیشن اسمارٹ فونز اور ٹیبلیٹس کے ساتھ ساتھ ایپل واچ اور آنڈرائیڈ سافٹ ویئر پر چلنے والی اسمارٹ واچز پر بھی کام کرسکے گی۔
اس اپلیکیشن میں صارف کسی لفظ یا جملے کو ٹائپ یا بول کر بیان کرے گا جس کے جواب میں ایپ اس ترجمہ شدہ لفظ یا فقرے کو تحریری صورت میں اسکرین پر پیش کردے گی اور پھر بول کر بھی بتائے گی۔
مائیکروسافٹ کی ٹرانسلیٹر اپلیکیشن 50 مختلف زبانوں پر کام کرسکے گی جن میں انگلش، چینی، فرنچ، عبرانی، اطالوی، جاپانی، اسپینش اور روسی قابل ذکر ہیں۔
خیال رہے کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے اس کی بنگ ویب سائٹ پر ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے ٹرانسلیشن کی سہولت پہلے ہی متعارف کرائی جاچکی ہے جبکہ یہ کمپنی اسکائپ ٹرانسلیٹر کے ذریعے بھی ترجمے کی سہولت پیش کرتی ہے۔
مگر یہ پہلی بار ہے کہ آئی او ایس اور آنڈرائیڈ موبائل ڈیوائسز اور اسمارٹ واچز کے لیے بھی ٹرانسلیشن اپلیکیشن تیار کی گئی ہے اور اس طرح وہ گوگل کے مدمقابل آگئی ہے۔