خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی اناطولیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی اور ان کا پولیس سے مسلح تصادم بھی ہوا، پولیس نے حملے میں ملوث ایک فرد کو گرفتار کرلیا ہے تاہم اس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
دی پرائیویٹ اردوان نیوز ایجنسی کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک مبینہ خاتون حملہ آور زخمی ہوگئیں جنھیں قریبی عمارت سے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔
اس سےقبل رات دیر گئے استنبول میں ہی ایک پولیس اسٹیشن پر ہونے والے بم حملے میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ دھماکے کے نتیجے میں آگ لگنے سے 3 منزلہ عمارت تباہ ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے ایک کار پولیس اسٹیشن کے قریب دھماکے سے اڑا دی۔
دھماکے کے بعد نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے پولیس پر فائرنگ کی جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
خیال رہے کہ یہ حملہ ترکی کی حکومت اور کالعدم کردش ورکر پارٹی (پی کے کے) کے درمیان شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد سامنے آیا ہے جبکہ ترکی ان دنوں داعش کے خلاف جاری فضائی کارروائیوں میں امریکا کا اتحادی بھی ہے۔
گذشتہ روز امریکا نے اعلان کیا ہے کہ داعش کے خلاف فضائی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے اس کے 6 ایف سولہ لڑاکا طیارے ترکی کے جنوبی ایئر بیس پر پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ترکی نے داعش اور کالعدم پی کے کے سے تعلق رکھنے والے 1300 مبینہ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
گذشتہ ماہ ترکی نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں کیں اور شدت پسند تنظیم کے خلاف امریکی اتحاد میں شامل ہونے پر رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔