نئی دہلی: مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے اراکین پارلیمنٹ نے آج مغربی بنگال حکومت پر دہشت کی حکمرانی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے احاطے میں دھرنا مظاہرہ کیا اور جم کر نعرہ بازی کی۔
لوک سبھا میں مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے ڈپٹی لیڈر محمد سلیم کی قیادت میں پارٹی کے تقریباً 15 اراکین نے صبح 10 بجے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے یہ دھرنا دیا۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے کیلئے دہلی آئی ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سی پی ایم ممبران پارلیمنٹ ہاتھوں میں تختیاں لئے ممتا بنرجی کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی بنگال میں سیلاب آیا ہوا ہے اور ان کی پارٹی کے کارکن ریاست میں تشدد پھیلا کر دہشت کی حکمرانی قائم کر رہے ہیں، وہ سی پی ایم کے کارکن کو قتل کر رہے ہیں اور میڈیا کو بھی دھمکا رہے ہیں۔
ان اراکین نے تقریباً 15 منٹ تک جم کر نعرے بازی کی۔دھرنا مظاہرے میں پارٹی کے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین شامل تھے ۔