نئی دہلی:سپریم کورٹ کے معروف وکیل اورسوراج ابھیان کے لیڈر پرشانت بھوشن نے یوگیندر یادو او ران کے ساتھ دیگر لوگوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کارروائی کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی جائے گی۔
مسٹر یادو سوراج ابھیان کے ‘ جے کسان آندولن’کے تحت جنترمنتر پر اپنے حامیوں کے ساتھ دھرنا دے رہے تھے ۔ پولیس نے کل رات مسٹر یادو اور ان کے تقریباسو حامیوں کو حراست میں لے لیا تھاجنھیں آج گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس تمام گرفتارشدگان کو عدالت میں پیش کرے گی۔
مسٹر پرشانت بھوشن نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں مسٹر یادو اورسوراج ابھیان کے دیگر کے حامیوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ریلی کے انعقاد کے لئے اجازت نامہ تھا او رآندولن کے تحت کسانوں کا ریس کورس کلب پر علامتی مارچ نکالنے کا پروگرام تھا۔