ڈھاکہ:بنگلہ دیش پولس نے آج ممنوعہ شدت پسند تنظیم کے دو ممبروں کو مبینہ طور پر ایک سیکولر بلاگر کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔واضح رہے کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران بنگلہ دیش میں متعددسیکولر بلاگر کو نشانہ بنا کر قتل کیا گیا ہے ۔ پولس اسے شدت پسند گروپ کی کاروائی بتا رہی ہے ۔گذشتہ جمعہ کو سیکولرزم کے علمبرداربلاگر نیلوئے چٹرجی 40کودارالحکومت ڈھاکہ میں واقع ان کے فلیٹ میں گھس کرانہیں بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔محض 6ماہ کے اندر وہاں چار سیکولر بلاگر کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے ۔
مذہبی ذرائع کے مطابق شدت پسند مذہب پر کئے جانے والے اعتراضات سے مشتعل ہوکر ایسے واقعات انجام دے رہے ہیں۔ہیومن رائٹ کی تنظیمیں ان سفاکانہ قتل پر تحقیقات کا مطالبہ کر رہی ہیں۔سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ محبوب عالم نے آج یہاں بتایا کہ ممنوعہ تنظیم انصار اللہ بنگلہ ٹیم کے دو مشتبہ رکن کو اسی الزام کے تحت ڈھاکہ سے گرفتار کیا گیا ہے ۔مسٹر چٹرجی ان سینکڑوں بلاگر میں سے ایک تھے جن کا مطالبہ تھا کہ1 197میں ہوئی بنگلہ دیش کی آزادی کی لڑائی میں مظالم ڈھانے والے اسلامی شدت پسندوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے ۔یہ بلاگرس اس کے لئے ایک تحریک چلا رہے تھے ۔