حماس اور جہاد اسلامی تحریکوں نے قومی اتحاد کی ضرورت پر تاکید کی ہے
اطلاعات کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریکوں حماس اور جہاد اسلامی کے رہنماؤں نے اتوار کے روز ایک نشست میں فلسطین کے حالات کا جائزہ لیا- نشست کے بعد حماس اور جہاد اسلامی کے رہنماؤں نے ایک بیان جاری کرکے قومی اتحاد کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے داخلی اختلافات دور کرنے کے لئے قومی آشتی معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا- اس بیان میں حماس اور جہاد اسلامی نے صیہونی حکومت کی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں، خاص طور سے باسٹھ دن سے بھوک ہڑتال جاری رکھنے والے قیدی محمد علان جو اس وقت کوما میں ہیں، کی قدر دانی کی گئی ہے- اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام فلسطینی گروپ صیہونی جارحیت کے خلاف ایک متحدہ اور مشترکہ موقف اختیار کرتے ہوئے دشمن کی جارحیت کو روکنے کی کوشش کریں- حماس اور جہاد اسلامی کے اس بیان میں بین الاقوامی اداروں سے فلسطینی بےگھر افراد اور ان کے جائز اور قانونی حقوق کے سلسلے میں ذمہ داری قبول کرنے اور فلسطینی بےگھر افراد کی مدد جاری رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے-