لکھنو¿:۶۹ویں یوم آزادی کے موقع پر راجدھانی کے باشندوں میں کافی جوش دکھائی پڑا۔ جشن آزادی میں ہر شخص ڈوبا ہوا نظر آیا۔ ترنگے سے آراستہ ملبوسات، ہاتھوں میں ترنگے یا پھر کپڑوں پر ترنگے کا اسٹیکر لگائے لوگ آزادی کا جشن مناتے نظر آئے۔اسی کے پیش نظر ریاستی حکومت نے جنیشور مشر پارک میں پتنگ مقابلہ کا اہتمام کیا تھا جس کا افتتاح خود وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کیا۔
اس دوران کابینی وزیر احمد حسن، راجندر چودھری اور ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر بھی موجود تھے۔ پتنگ بازی کے افتتاح کے دوران وزیر اعلیٰ نے وہاں آئے لوگوں کویوم آزادی کی مبارک پیش کی اور خود کچھ لمحہ پتنگ بھی اڑائی۔ اس دوران وزیر راجندر چودھری چرکھی سنبھالتے ہوئے نظر آئے۔ سنیچر کو یوم آزادی کے موقع پر گومتی نگر واقع جنیشور مشر پارک میں پتنگ بازی کا اہتمام کیا گیا۔ وہاں پہنچے وزیر اعلیٰ نے بتاےا کہ یہ پارک اتنا بڑا اور عظیم الشان ہے کہ ہر کوئی یہاں آرہا ہے۔ لوگ تفریح کرنے اس پارک میں آتے ہیں۔
شہر میں اتنا بڑا پارک ہونا اپنے آپ میں بڑی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے حلقہ میں اترپردیش تیسرے نمبرپر پہنچ گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ لوگوں کو کچھ نیا دیا جائے جس سے سیاحت کو فروغ مل سکے۔ پتنگ بازی کے دوران پارک میں لوگوں کا ہجوم رہا۔ لوگ رنگ برنگی اور خوبصورت پتنگیں لیکر آئے تھے۔ اس موقع پر کئی غےر ملکی بھی پہنچے اور انہوں نے بھی پتنگ بازی میں حصہ لیا۔ اسکولی طلباءبھی ترنگا لئے پہنچے تھے ۔ پارک میں ہر طرف ترنگا ہی لہرا رہا تھا ہر کوئی پتنگ بازی کے ساتھ لطف لیتا نظر آیا۔