نئی دہلی:کانگریس نے دہلی میں ڈینگو کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی پیشگی روک تھام نہ کرنے وجہ سے کیجری وال حکومت کو آج شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
کانگریس کی دہلی یونٹ کی ترجمان شرمسٹھا مکھرجی نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی پارٹی کے دوراقتدار میں دہلی کے تمام علاقوں میں ڈینگو کی روک تھام کے لئے پیشگی اقدامات کئے جاتے تھے اور ریڈیو، ٹیلی ویژن اور اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے ڈینگو کے مچھروں کی پیدائش اور افزائش کے تئیں خاطر خواہ بیداری مہم چلائی جاتی تھی۔
محترمہ مکھرجی نے کہا کہ کیجری وال حکومت نے اشتہارات کے لئے 526 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کرنے کے باوجود ڈینگو، سوائن فلو اور دیگر امراض سے عوام کو بیدار کرنے کے لئے ایسی کوئی مہم نہیں چھیڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کرائے گئے سروے کے مطابق 8 اگست تک دہلی میں ڈینگو کے 119 واقعات سامنے آچکے ہیں۔ جبکہ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق دہلی میں اب تک ڈینگو کے 158 واقعات سامنے آچکے ہیں۔