سری نگر:جموں وکشمیر ریاست کے عازمین حج کا پہلا قافلہ پیر کی صبح سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے براہ راست پرواز کے ذریعے مقدس سرزمین مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگیا۔
مدینہ منورہ روانگی کے موقع پر بیشتر عازمین جذباتی نظر آئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست کی خوشحالی اور ترقی کیلئے دعا کریں گے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 340عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ ائر انڈیا پرواز کے ذریعے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگیا۔ ریاست سے جانے والے عازمین حج کے پہلے قافلے کو ریاستی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے ریاستی حج و اوقاف کے وزیر عبدالرحمان ویری، ممبر پارلیمنٹ محبوبہ مفتی ، ممبر پارلیمنٹ و مرکزی حج کمیٹی کے ممبر محمد سلیم انصاری اور انتطامیہ کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں رخصت کیا۔اس موقع پر مفتی محمد سعید کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔
وزیر اعلیٰ نے عازمین حج سے اللہ کے گھر میں ریاست جموں وکشمیر کے امن اورترقی کیلئے دعا کرنے کی اپیل کی۔ جموں کشمیر حکومت نے عازمین حج کی سہولیت کیلئے ایک اعلیٰ سرکاری افسر کو پہلے ہی سعودی عرب میں تعینات کیا ہے جہاں وہ دیگر امورات کے علاوہ مرکزی حج کمیٹی اور سعودی حکومت کے مابین رابطہ قایم کر کے عازمین حج کی بلا رکاوٹ کسٹم اور ایمیگریشن کلیرنس کو یقینی بنائیں گے اور مکہ شریف اور مدینہ منورہ کے مقدس شہروں میں عازمین کے قیام و طعام کے بہتر انتظامات کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں گے ۔