اب تک نہیں ہوسکی شناخت، باز پور علاقہ کا معاملہ
لکھنو¿:کاکوری علاقہ میں دو شنبہ کی صبح ایک درخت سے لٹکتی ہوئی نوجوان کی لاش ملی۔ پولیس کو نوجوان کے پاس سے ایک خود کشی نامہ بھی ملا ہے۔ خود کشی نامہ میں نوجوان کا نام تو لکھا ہے لیکن پتہ نہیں درج ہے۔ فی الحال نوجوان کی اب تک شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔پولیس خود کشی نامہ کو بنیاد بناتے ہوئے نوجوان کی موت کو خود کشی مان رہی ہے۔ وہیں دیہی باشندوں کا کہنا ہے کہ نوجوان کا قتل کر کے لاش کو خود کشی کی شکل دی گئی ہے۔
سی او ملیح آباد ابھے ناتھ نے بتایا کہ کاکوری باز پور علاقہ میں آج صبح دیہی باشندوں کو ایک نوجوان کی لاش باغ میں آم کے درخت میں رسی کے سہارے لٹکتی ملی۔ لوگوں کی اطلاع پر پہنچی پولیس نے درخت سے نوجوان کی لاش نیچے اتاری۔ تلاشی کے دوران پولیس کو نوجوان کے پاس سے ایک پرچہ ملا۔ پرچہ میں نوجوان کا نام سبحان لکھا تھا اور زندگی سے پریشان ہوکر خود کشی کرنے کی بات لکھی تھی۔ خود کشی نامہ میں نوجوان کا کوئی پتہ نہیں لکھا ہوا تھا۔ پولیس نے آس پاس لوگوں کی مدد سے نوجوان کی شناخت کرنے کی کوشش کی لیکن شناخت نہیں ہو سکی۔ اس کے بعد پولیس نے نوجوان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ خود کشی نامہ کی بنیاد پر پولیس نوجوان کی موت کو خود کشی بتا رہی ہے۔ وہیں دیہی باشندوں کا کہنا ہے کہ نوجوان کا قتل کر کے لاش کو درخت پر لٹکاکر خود کشی کی شکل دی گئی ہے۔ فی الحال کاکوری پولیس نوجوان کی شناخت کرانے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کا صحیح سبب پتہ چل جائے گا اور اسی بنیاد پر آئندہ کی کارروائی کی جائے گی۔