علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے برج کورس میں تعلیمی میقات ۱۶۔۲۰۱۵کے لئے منتخب طلباءطالبات کی فائنل لسٹ جاری کردی گئی۔ مقابلہ جاتی تحریری امتحان اور انٹرویو سے گزرنے کے بعداب کامیاب طالبات وطلباءاپنا داخلہ ۲۴اور ۲۵ اگست کو مکمل کراسکیں گے۔ اس بار کامیاب امیدواران کی فہرست میں ۳۰ فیصد عالمات کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔
یہ نہایت خوش آئند امر ہے کہ مدارس کی فارغات اتنی بڑی تعداد میں منتخب ہوکر آئی ہیں۔ان خیالات کا اظہارپروفیسرمحمدصلاح الدین عمری ،کوآرڈی نیٹر داخلہ و امتحانات برج کورس نے اپنے بیان میں کیا۔پروفےسر عمری نے کہا کہ انٹرویو کے دوران امیدوار طلبہ وطالبات کا جوش وخروش قابل دید اور قابل تحسین تھا۔ ان میں سے بیشتر کی خواہش تھی کہ وہ برج کورس کو زینہ بنا کرڈاکٹر بننا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برج کورس میں داخلہ کے لیے کامیاب امیدواران اپنا نام یونیورسٹی ویب سائٹ پر دیکھ کر ہی تشریف لائیں اور اپنے ساتھ اپنی اصل اسناد اور چھ عدد فوٹو لے کر آئیں۔داخلہ کا عمل دو روز جاری رہے گا۔ ان دنوں میں اگر کچھ نشستیں کسی وجہ سے خالی رہیں تو پھرچانس مےمو کے امیدواران کو داخلہ کا موقع دیا جائے گا۔ اور ۲۷ اگست سے باقاعدہ کلاسز شروع ہوجائیں گی۔ کامیاب امیدواران سے درخواست ہے کہ وہ اپنے داخلہ کا عمل مکمل کرانے کے لیے ہر طرح سے تیار ہوکر آئیں تاکہ دوبارہ اپنے گھر واپس جانے کی ضرورت پیش نہ آئے اور فوراً ہی تعلیمی سفر کا آغاز ممکن ہو۔