فیس بک کی چھوٹی تجارت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی توسیع
حیدرآباد:فیس بک انڈیا نے ملک میں چھوٹی تجارت کے شعبہ میں اپنی سرمایہ کاری کی توسیع کااعلان کیا ۔یہ اعلان حکومت کی ڈیجیٹل انڈیااوراسکل انڈیا پالیسیز کے مطابق کیا گیا ہے ۔
اس طرح کی پہلی تقریب شہر حیدرآباد میں منعقد کی گئی۔ شہر حیدرآباد میں ہوٹل تاج کرشنا میں اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو نے فیس بک کو مشورہ دیا کہ وہ غریب عوام کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کے لیے امکانات تلاش کرے ۔انہو ں نے کہاکہ ہندوستان میں ۱۲۵ملین افراد فیس بک اکاونٹ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان افراد کی تعداد سے کوئی دوسرا سوشیل میڈیا آگے نہیں بڑھ سکتا۔
حکومت تلنگانہ کی جانب سے زیادہ سے زیادہ فیس بک کا استعمال کیا جارہا ہے ۔تمام ریاستی وزرا او ر محکمہ جات ترقیاتی کاموں اور جاری کاموں کی تفصیلات فیس بک پر اپ لوڈ کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت دو اکتوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر فیس بک کے ۷۵۰ پیجس کی شروعات کرے گی اور مرحلہ وار اندازمیں۸۵۰۰ مواضعات کا احاطہ کیاجائے گا۔فیس بک انڈیا کے ڈائرکٹر پبلک پالیسی انکھی داس نے کہاکہ اس طرح کی پہلی تقریب شہر حیدرآباد میں منعقد کی گئی ہے کیونکہ یہ شہر موتیوں کا شہر ہے ۔اس سہولت کی شروعات شہر حیدرآباد میں پہلی مرتبہ کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام کو فیس بک کی طاقت سے متعلق بیداری پیداکی جائے گی اور اس کو دیہی علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔