اداکار کو اس جرم میں میں 15 دن جیل اور 50 گھنٹے کمیونٹی سروس کی سزا ہوئی ہے
امریکی اداکار ایمیل ہرش نے جنوری میں امریکی ریاست یوٹاہ میں ہونے والے سنڈینس فلم فیسٹول کے دوران ایک خاتون فلم ایگزیکیٹو کو ہراساں کرنے کے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔
فلم ’ان ٹو دی وائلڈ‘ اور ’ملک‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار کو وکلا کے ساتھ معاہدے کے مطابق 15 دن جیل اور 50 گھنٹے کمیونٹی سروس کی سزا ہوئی ہے۔
انھیں 4750 ڈالر کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہے ۔
انسرج پکچرز کی ایگزیکٹو ڈینیلی برن فیلڈ نے بتایا کہ ہرش نے پارک سٹی کے ایک نائٹ کلب میں انھیں گردن سے دبوچ لیا تھا۔
پیر کو ہونے والے تحریری معاہدے کی مطابق ہرش اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا یعنی پانچ سال جیل سے بچنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ انھیں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ اگر وہ یہ سزا پوری کر لیتے ہیں تو ان کا جرمانہ معاف کردیا جائے گا۔
امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی دیکھی گئیں پبلک کورٹ کی دستاویزات کے مطابق حملے کے وقت اداکار شراب کے تین سے چار پیگ پی چکے تھے اور ان کے الفاظ مدغم اور چال میں لڑکھراہٹ تھی۔
لیکن پیر کے روز کاؤنٹی کے اٹارنی رابرٹ ہلڈر نے بتایا کہ ہرش 25 جنوری کو اس واقعے کے بعد سے نشے سے دور ہیں اور بہت سے موقعوں پر وہ اپنی اس غلطی پر پشیمان بھی نظر آئے۔
ایمیل ہرش نے فلم ’ان ٹو دی وائلڈ‘ سے عالمگیر شہرت حاصل کی تھی
برن فیلڈ نے کا کہنا ہے کہ ہرش کو ملنے والی یہ سزا کافی نہیں ہے کیونکہ اس حملے کی وجہ سے ہونے والا نقصان طویل عرصے تک ان کے ساتھ رہے گا۔ انھوں نے عدالت میں بیان دیا کہ جب ہرش نے انھیں دبوچا ہوا تھا تو ان کو لگا کہ ’وہ مرنے والی ہیں۔‘
انھوں نے بتایا کہ ہرش نے پیچھےسے آ کر انھیں گردن سے دبوچ لیا اور پھر میز پر سے گھسیٹتے ہوئے زمین پر گرادیا اور پھر ان کے اوپر چڑھ کر ان کا گلا دبانے کی کوشش کی۔
ایمیل ہرش ہالی وڈ کے مشہور اداکار و ہدایتکار شین پین کے ساتھ کام کی وجہ جانے جاتے ہیں۔ انھوں نے سنہ 2007 میں شان پین کی فلم ’ان ٹو دی وائلڈ!‘میں مرکزی کردار ادا کرکے جبکہ ’ملک‘ میں ان کے ساتھ کام کرکے شہرت حاصل کے۔
اس کے علاوہ وہ اینگ لی کی فلم ’ٹالکنگ ووڈسٹاک‘ میں بھی نمایاں کردار ادا کرچکے ہیں۔
وہ سنڈینس فیسٹول میں اپنے ڈرامے ’ٹین تھاؤسینڈ سینٹس‘ کے پریمیئر کے لیے موجود تھے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ ایتھن ہاک اور آسا نے بھی کام کیا ہے۔