بنکاک تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پریوتھ چان اوچا نے آج کہا کہ دارالحکومت بنکاک کے مصروف علاقے میں ہوئے دھماکہ کی جگہ کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے میں نظر آنے والے ایک مشتبہ شخص کی تلاش کی جارہی ہے ۔ اس دھماکہ میں 27لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کرنے کے لئے کہا ہے کیوں کہ ایک مشتبہ شخص دکھائی دے رہا ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے وہ کون ہے ۔ تھائی لینڈ انتظامیہ نے کہا کہ کل ہوئے دھماکے کے پیچھے حکومت مخالف سمیت کسی بھی تنظیم کا ہاتھ ہونے کے خدشہ سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے ۔افسران نے مزید کہا کہ اس دھماکہ کا انداز جنوبی تھائی لینڈ کے علیحدگی پسند باغیوں جیسا نہیں تھا۔ تھائی لینڈ کے مشہور اراون برہم مندر کے باہر ہوئے دھماکہ میں ہلاک ہونے والوں میں آٹھ غیر ملکی ہیں۔ کل شام ہوئے اس حملے سے تھائی لینڈ کی سیاحت صنعت کو کافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔
پولیس کی کئی ٹیموِں کو دھماکہ کی جگہ پر تعینات کیا گیا ہے جو وہاں سے ثبوتوں کو یکجا کررہے ہیں قومی پولیس کے سربراہ سومیت پیمپینوانگ نے کہا کہ پولیس اس دھماکہ میں ایغو ر باغیوں سمیت کسی بھی تنظیم کا ہاتھ ہونے کے خدشہ سے انکار نہیں کررہی ہے ۔ تھائی لینڈ میں گذشتہ ماہ ایغور نسل کے 109 افراد کو چین بھیج دیا گیا تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ حکومت مخالف گروپ ہیں لیکن انہوں نے کوئی تفصیلی اطلاع نہیں دی۔ ابھی تک کسی بھی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ پولیس ہیڈکوارٹر نے کہا کہ اس دھماکہ میں پائپ بم کا استعمال کیا گیا ۔قومی پولیس کے ترجمان نے کہا کہ مرنے والوں کی تعداد 27ہوگئی ہے اور 123 افراد زخمی ہیں۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی زنہوا نے کہاکہ مرنے والوں میں سے تین چینی شہری ہیں ۔ دو لوگ ہانگ کانگ دو ملیشیا اور ایک فلپائن کا ہے ۔
رائل تھائی آرمی کے سربراہ اور نائب وزیر دفاع ادمدیز سیتابت نے ایک ٹیلی ویزن انٹرویو میں کہاکہ اس حملہ کا تعلق جنوبی تھائی لینڈ میں ہونے والے واقعات سے نظر نہیں آتا ہے ۔ اس طرح کے بم کا استعمال جنوب کے باغی نہیں کرتے ۔ تھائی لینڈ کے تین جنوبی صوبے ایک عرصے سے مسلم علیحدگی پسندی باغیوں کا گڑھ ہے ۔ سال 2004 میں اس علاقے میں تشدد کے 6500 سے زیادہ افراد مارے گئے تھے ۔ جس میں سے زیادہ تر عام شہری ہیں۔ حالانکہ تشدد ان تن صوبوں سے باہر بہت کم ہی پھیلی ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ یہ کہنا جلد بازی ہوگی کہ یہ دہشت گردانہ حملہ تھا۔ ترجمان جین کربی نے کہا کہ تھائی لینڈ انتظامیہ نے امریکہ سے مددنہیں طلب کی ہے ۔دریں اثنا آج بنکاک شہر کے چاو پھاریا ندی میں ایک شخص نے ایک بم پھینکا تاہم ا س سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے ایک اعلی افسر نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگر بم ندی میں نہیں گرتا تو نقصان ہوسکتا تھا۔