دبئی: وزیر اعظم نریندر مودی نے دہشت گردی سے متعلق ہندستان کے موقف کی حمایت کرنے کیلئے متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آج کہا کہ دنیا کو آج سمجھنا چاہئے کہ چاہے 20 سال بندوق چلے یا 40 سال، لیکن فیصلے تو بات چیت کی میز پر ہی ہوتے ہیں۔مسٹر مودی نے دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں تقریباً 70 ہزار غیرمقیم ہندستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یو اے ای کے حکمرانوں نے دہشت گردی سے متعلق ہندستان کے موقف کی حمایت کی ہے اور اقوام متحدہ میں برسوں سے زیرالتوا بین الاقوامی دہشت گردی پر جامع معاہدے کو منظور کرنے کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ آج دنیا دہشت گردی کے نام سے خوفزدہ ہوجاتی ہے ، ہندستان اس سے گزشتہ چار دہائیوں سے نبردآزما ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو دہشت گردوں اور اس کی حمایت کرنے والے ممالک کو ایک جانب اور انسانیت کے حق میں کھڑے ممالک کو دوسری جانب رکھ کر دیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ ہو کر رہے گی۔ اچھا طالبان ، برا طالبان، اچھی دہشت گردی، بری دہشت گردی اب نہیں چلے گی۔