اسلام آب:وزیر اعظم نواز شریف نے اگلے ہفتہ نئی دہلی میں پاکستان اورہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیروں کی شیڈول ملاقات کے ایجنڈے کی منظوری دے دی ہے ۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم مسٹر شریف نے یہ منظوری پیر کو داخلی اور خارجہ پالیسیوں سے نمٹنے والے کابینہ کے اہم ارکان کے ایک ملاقات میں دی۔
تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اعظم کے معاون برائے امور خارجہ طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے شرکت کی۔اجلاس میں شریک ایک اہم شخصیت نے بتایا کہ اجلاس داخلی سیکیورٹی اور خارجہ پالیسی کے امور کا ملاپ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں سرتاج عزیز نے ہندوستا ن سے مذاکرات کیلئے وزارت امور خارجہ کی تیار کردہ پریزنٹیشن پیش کی۔انہوں نے بتایا کہ ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اب اسے نئی دہلی بھیجا جائے گا۔ہندوستان نے رواں مہینے کے آغاز میں مسٹر سرتاج عزیز کو نئی دہلی میں 24-23 اگست کو ملاقات کیلئے مدعو کیا تھا۔وزیراعظم نواز شریف اور ان کے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی نے گزشتہ مہینے روس میں ملاقات کے دوران دہشت گردی سے متعلق معاملات پر غور کیلئے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات پر اتفاق کیا تھا۔