دو حقیقی بھائیوں کے درمیان چل رہا تھا تنازعہ ،۸افراد زخمی
لکھنو¿:ملیح آباد علاقہ میں زمین کے قبضہ کے سلسلہ میں دو حقیقی بھائیوں کے کنبے آپس میں متصادم ہو گئے۔ دونوں طرف سے لاٹھی ڈنڈے چلائے گئے۔ مار پیٹ میں ۸افراد بری طرح سے زخمی ہو گئے۔ پولیس نے دونوں فریق کی جانب سے تحریر لیکر معاملہ کی جانچ شروع کر دی ہے۔
ہمارے ملیح آباد نمائندہ کے مطابق گدیا کھیڑا باشندہ گرچرن اور تلک دونوں حقیقی بھائی ہیں ان کا گھر آمنے سامنے ہے۔ دونوں کے گھروں کے درمیان میں ایک پلاٹ پڑا ہے جس پر دونوں کنبوں کے مویشی بندھے رہتے ہیں اسی پلاٹ کے سلسلہ میں دونوں بھائیوں کے درمیان کشیدگی چل رہی ہے ۔ ایک کا کہنا ہے کہ نصف سے زیادہ پلاٹ اس کا ہے جبکہ دوسرے بھائی کابھی یہی دعویٰ ہے۔ منگل کو گرچرن کا بیٹا کملیش اپنی بھینس باندھنے پلاٹ پر گیا تھا۔ کملیش نے پلاٹ میں نصف سے زیادہ قبضہ کر کے مویشیو باندھنے کی کوشش کی لیکن وہاں پر تلک کے تینوں بیٹے رام سنگھ، لتھو اور مکیش پہنچ گئے اور مویشی باندھنے سے منع کیا تبھی کملیش کے دونوں بھائی مہیش اور سریش بھی موقع پر پہنچ گئے جس کے بعد دونوں طرف سے لاٹھی ڈنڈوں کی بوچھار ہونے لگی۔ مار پیٹ میں کملیش، مہیش، سریش، رام سنگھ ،لتھو اور مکیش شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ ان سبھی کے ساتھ گرچرن اور تلک بھی زخمی ہو گئے۔ پولیس نے تمام زخمیوں کا سی ایچ سی میں علاج کراکر دونوں طرف کی تحریر لیکر مقدمہ درج کر لیا ہے۔