امریکا میں آنے والا طوفان ‘کترینہ’ نے 10 سال قبل نیو اورلینز کے رہائشیوں کو ہدف بنایا تھا مگر اس کے بعد کسی اور معروف شخصیت نے وہاں کے متاثرین کو ایسے یاد نہیں رکھا جیسے اداکار بریڈ پٹ نے۔
جی ہاں فلمی دنیا کا ہیرو حقیقی زندگی میں بھی ہیرو ثابت ہوا جس کی بدولت 10 سال پہلے اپنے گھر بار سے محروم ہوجانے والے افراد اب انتہائی زبردست گھروں میں رہ رہے ہیں۔
بریڈ پٹ نے نیو اورلینز میں سمندری طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقے کے گھروں کی تعمیر نو کا کام طویل عرصے سے شروع کررکھا تھا۔
اب ایک انٹرویو میں ان کا کہنا ہے کہ اس آفت کے بعد ہم سب کو دھچکا لگا تھا اور ہم نے سوچا کہ ان کے لیے کیوں نہ گھر تعمیر کیے جائیں کیا یہ کام بہت مشکل ہے؟
تاہم یہ کام خیالات سے زیادہ مشکل ثابت ہوا مگر بریڈ پٹ کا حوصلہ ماند پڑا اور نہ ہی اس علاقے کے باسیوں کا جو ہولی وڈ اسٹار کے ساتھ جڑے رہے۔
اب بریڈ پٹ نے ان افراد کے لیے 109 رنگا رنگ اور پرتعیش ماحول دوست گھر اس علاقے میں تعمیر کرلیے ہیں جہاں کبھی ملبے اور کیچڑ کے علاوہ کچھ نہ تھا۔
معروف اداکار نے کہا کہ مجھے اس وقت بہت فخر محسوس ہوا جب میں نے اس ٹکڑے پر رنگوں اور سولر پینلز سے سجے گھروں کو دیکھا۔
نیو اورلینز کے عارضی رہائشی اور امیچور آرکیٹکٹ ہونے کے ناطے بریڈ پٹ اپنی فاﺅنڈیشن میک اٹ رائٹ کا قیام چاہتے تھے تاکہ ایسے گھر تعمیر کیے جاسکیں جو متاثرین کی ضروریات کے مطابق ہو بلکہ بہترین ڈیزائن، ماحول دوست اور رہنے کے لیے بہترین ہو۔
بریٹ پٹ اپنی اسٹار پاور کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کے بہترین آرکیٹکٹس کو متوجہ کرنے میں کامیاب رہے جنھوں نے مستقبل کے گھروں کے ڈیزائن پیش کیے اور اب یہ علاقہ سیاحتی توجہ کا بھی مرکز بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ سستے میٹریل کے ساتھ گھر تعمیر نہیں کرسکتے جو وہاں رہنے والے خاندانوں کو غربت کے جال میں ہی جکڑے رکھتے ہیں کیونکہ یوٹیلیٹی بلز کے اخراجات یا زہریلا میٹریل ڈاکٹروں کا بل بڑھاتے ہیں اور معیار زندگی بہتر نہیں ہوپاتا۔
بریٹ پٹ نے اس علاقے میں گھروں کی تعمیر پر 26.8 ملین ڈالرز خرچ کیے یعنی اوسطاً ایک گھر کی تعمیر ڈیڑھ لاکھ ڈالرز میں ہوئی، جس کے لیے وفاقی قرضوں اور عطیات کا سہارا لیا گیا تاہم یہ واضح نہیں کہ بریڈ پٹ نے اپنی ذاتی آمدنی کو بھی اس پراجیکٹ کو حقیقی شکل دینے کے لیے استعمال کیا یا نہیں مگر انہوں نے اپنے زندگی کے 10 سال ضرور اس کام پر صرف کیے۔
اب بریڈ پٹ اس پر ایک فلم بنانا چاہتے ہیں جس میں وہ دکھانا چاہتے ہیں کہ کیسے طوفان سے متاثرہ افراد زندگی کی جانب واپس لوٹتے ہیں۔