نئی دہلی:دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے پنے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) کے احتجاج کررہے طلبا کی پرزور حمایت کرتے ہوئے آج انہیں دہلی میں جگہ دینے کی پیش کش کی ہے ۔مسٹر کیجریوال نے ٹوئیٹر پر کہا کہ “ایف ٹی آئی آئی میں جو کچھ چل رہا ہے اس سے حیرت ہوئی ہے ۔ یہ ایک بین الاقوامی اہمیت کا حامل ادارہ ہے جسے حکومت کے غلط فیصلوں سے برباد کیا جارہا ہے ۔
میں ایف ٹی آئی آئی کے طلبا کو یہ پیش کش کرتا ہوں کہ دہلی حکومت انہیں دہلی میں عارضی طور پر جگہ دے سکتی ہے ۔ جب تک مرکزی حکومت نہیں مانتی آپ یہاں اپنی کلاسز چلاسکتے ہیں”۔مسٹر کیجریوال نے مزید کہا کہ “اگر مرکزی حکومت نہیں مانتی ہے تو ہم اس جگہ کو باقاعدہ ایک ادارے میں تبدیل کردیں گے اور طلبا یہاں اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں”۔مسٹر کیجریوال نے گزشتہ ماہ دہلی سکریٹریٹ میں ایف ٹی آئی آئی کے طلبا سے ملاقات کی تھی اور ان کے کاز کے لئے اپنی حمایت کا اظہار کیا تھا۔ ایف ٹی آئی آئی کے طلبا گجیندر چوہان کو ادارے کے سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کے لیے گزشتہ دو ماہ سے احتجاج کررہے ہیں۔