لاٹھی چارج کے خلاف کلکٹریٹ جا رہے کانگریسیوں کو گیٹ پر ہی روک لیا گیا
لکھنو¿:اسمبلی گھیرنے جا رہے کانگریسیوں پر دو شنبہ کو ہوئے پولیس لاٹھی چارج کے خلاف بدھ کو ریاست گیر دھرنا و مظاہرہ کیا گیا۔ دھرنا و مظاہرہ کر کے ضلع مجسٹریٹوں کے ذریعہ ریاست کے گورنر کو مخاطب عرضداشت سونپی گئی۔ عرضداشت میں ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری، کانگریس جنرل سکریٹری و ریاستی انچارج مدھو سودن مستری، سابق مرکزی وزیر پردیپ جین، آدتیہ سمیت دیگر سینئر رہنما اورہزاروں کارکنان پر بے رحمی سے لاٹھی چارج کے خلاف برہمی ظاہر کرتے ہوئے قصور وار پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔ راجدھانی میں شہر کانگریس صدر بودھ لال شکلا کی قیادت میں کانگریسیوں نے ضلع ہیڈکوارٹر پر دھرنا دیا۔ دھرنا و مظاہرہ کے سبب کلکٹریٹ کے گیٹ بند کر دیئے گئے اور کانگریسیوں کو اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ کلکٹریٹ کے صدر گیٹ کے سامنے صبح سے ہی بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی تھی۔ دوپہر بارہ بجے کلکٹریٹ پر جمع ہوئے کانگریسیوں نے کلکٹریٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس نے گیٹ بند کرکے انہیں روک لیا۔ دوپہر بارہ بجکر ۴۵ منٹ پر اے سی ایم کے ذریعہ گورنر کو مخاطب عرضداشت سونپی گئی۔ مظاہرین کارکنان نے حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے پارٹی رہنماو¿ں اور کارکنان پر ہوئے لاٹھی چارج کی عدالتی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا دھرناو مظاہرہ میں خاص طور سے ریاست کے جنرل سکریٹری سنجیو سنگھ، پرمود سنگھ، ونود چودھری، شیام کشور شکلا، کے کے شکلا، گریش مشرا، پردیپ کنوجیا، رضوانہ صدیقی، سشیلا شرما، انویش سنگھ چوہان سمیت دیگر عہدیدار اور کارکنان موجود تھے۔
۲۱ سے ۲۶اگست تک تحصیل سطح پر چلے گی تحریک :-پارٹی کے کمیونکیشن محکمہ کے چیئر مین ستیہ دیو ترپاٹھی نے بتایا کہ پولیس کے بہیمانہ لاٹھی چارج کے خلاف اکیس سے چھبیس اگست تک تحصیل ہیڈکوارٹروں پر ریاستی حکومت کا پتلا نذر آتش کیا جائے گا۔ ۲۷اگست کو ریاستی ہیڈکوارٹر میں ضلع و شہر صدور کا جلسہ ہوگا۔ جس میں کانگریس جنرل سکریٹری اور ریاستی انچارج مدھو سودن مستری، ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری سمیت کانگریس سکریٹری زبیر خان، شری پرکاش جوشی، رانا گوسوامی اور نصیب سنگھ شامل ہوں گے۔ جلسہ میں تحریک کا جائزہ لیکر آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ مسٹر ترپاٹھی نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ تحریک میں رہنماو¿ں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ یہ جمہوریت کے ساتھ مذاق ہے۔ پارٹی رہنما بیری کیڈنگ تک پہنچے بھی نہیں تھے کہ پولیس نے بے دردی سے لاٹھیوں کی بارش شروع کردی۔ انہوں نے کہاکہ آگے اور پیچھے دونوں جانب بیری کیڈنگ تھی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت ایسا کیا گیا ہے۔ مسٹر ترپاٹھی نے بتاےا کہ پارٹی نے اس کے خلاف وزیر کے ذریعہ پولیس انتظامیہ کے قصوروار افسران اور ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی لیکن ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ حضرت گنج تھانہ میں ایف آئی آر درج نہ ہونے پر ایس ایس پی کو ای میل کے ذریعہ شکایت بھیج دی گئی ہے۔ انہوں نے بتاےا کہ بدھ کو بدایوں، بریلی، شاہجہانپور، بجنور، امروہہ ، رامپور، فیض آباد ،علی گڑھ، بستی، گورکھپور، امبیڈکر نگر ، بلیا سمیت ریاست کے مختلف اضلاع سے ضلع وشہر ہیڈکوارٹروں پر دھرنا و مظاہرہ کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔