لکھنو¿:علی گنج کے بڑا چاند گنج علاقہ میں ایک میڈیکل اسٹور پر بیٹھے ایک کاروباری کو فلائی اوور کے اوپر سے گولی مار دی گئی۔ گولی کاروباری کے پیر میں لگی اور اس کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حملہ آور میڈیکل اسٹور مالک کو گولی مارنا چاہ رہے تھے لیکن غلطی سے گولی اس کے ساتھ بیٹھے کاروباری کو لگ گئی۔
سی او علی گنج راجیش یادو نے بتایا کہ علی گنج کے بڑا چاند گنج میں منوج کی شری لکشمن فارما کے نام سے دوا کی تھوک کی دکان ہے۔ بتاےا جاتا ہے کہ بدھ کی شب منوج کی دکان پر اس کا ساتھی کاروباری اندرا نگر بی بلاک باشندہ جتیندر راج اور پون بیٹھے تھے۔ تینوں دوست آپس میں بات چیت کر رہے تھے کہ اسی درمیان فلائی اوور کے اوپر سے کچھ لوگوں نے گولی چلا دی۔ گولی جتیندر کے بائیں پیر میں لگی۔ گولی چلنے کی آواز سن کر منوج اور پون باہر بھاگے۔ ان لوگوں نے آس پاس کے لوگوں سے گولی چلنے کی بات پوچھی لیکن ان کو اس بات کا پتہ نہیں چل سکا کہ گولی جتیندر کے پیر میں لگی تھی۔
پیر سے خون دیکھ کر جتیندر حیران رہ گیا، منوج اور پون اس کو نزدیک کے ایک اسپتال لیکر پہنچے تو ڈاکٹروں نے بتاےا کہ جتیندر کے پیر میں گولی لگی ہے۔ گولی لگنے کی بات سن کر منوج نے اس بات کی اطلاع پولیس کنٹرول روم کو دی۔ اطلاع پاکر موقع پر علی گنج پولیس بھی پہنچ گئی۔ ابتدائی علاج کے بعد جتیندر کو چھٹی دے دی گئی۔ بتایا یہ جاتا ہے کہ جتیندر کا تنازعہ سبکدوش آئی اے ایس سے ہے لیکن اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ دوا دکاندار نے پولیس کو بتایا کہ حملہ آور اس کو گولی مارنا چاہتے تھے لیکن غلطی سے گولی اس کے ساتھی جتیندر کو لگ گئی فی الحال پولیس اس معاملہ میں تفتیش کر رہی ہے۔ سی او کا کہنا ہے کہ متاثر فریق جو بھی تحریر دے گا اس کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔