سری نگر: حریت کانفرنس کے شدت پسند گروپ کے سربراہ سید علی شاہ گیلانی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اتوار کو ہونے والی سلامتی مشیر کی سطح کی بات چیت کے بعد پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز سے نئی دہلی میں ملاقات کریں گے ۔حریت کے ترجمان اعجاز اکبر نے یو این آئی کو بتایا کہ ان کی تنظیم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ مسٹر گیلانی قیادت میں ایک نمائندہ وفد مسٹر عزیز سے بات چیت کرنے کے لئے پیر کو نئی دہلی جائے گا۔ اگرچہ یہ فیصلہ بہرحال اس بات پر منحصر ہے کہ نظر بند مسٹر گیلانی کو رہا کیا جاتا ہے یا نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ دیگر علاحدگی پسند لیڈروں کو رہا کردیاگیا ہے لیکن مسٹر گیلانی اب بھی نظر بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتوار کو تنظیم سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال ہونا ہے ، جس کی وجہ سے مسٹر گیلانی اور نمائندہ وفد کے دیگر اراکین سلامتی مشیر کی سطح کے مذاکرات سے پہلے مسٹر عزیز سے بات چیت نہیں کرسکیں گے ۔ ترجمان نے کہا “ہمارا خیال ہے کہ چاہے کسی بھی سطح کی بات چیت ہو، کشمیر کے عوام کی شرکت کے بغیر کشمیر کے مسئلے کا حل ممکن نہیں ہے ”۔