نئی دہلی:مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کو تاریخی خصوصی پیکیج دے کر ریاست کی ترقی کے عزم کو مکمل کیا ہے لیکن وزیر اعلی نتیش کمار، آر جے ڈی سربراہ لالو یادو اور کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کو چھوڑ کر ریاست کے تمام لوگ اس سے خوش ہیں۔مسٹر پرساد نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ تاریخی پیکج ہے لیکن مسٹر نتیش کمار نے اس کے لئے وزیر اعظم کو شکریہ کے دو لفظ بھی نہیں اداکئے اور اس کے برعکس اس پر تنقید کرنے میں لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا اعلان کیا جا رہا ہے کہ پیکیج میں پرانے منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ حقیقت یہ نہیں ہے ۔وزیر مواصلات نے کہا کہ مسٹر کمار نے کل یہاں ایک بار پھر خصوصی ریاست کے درجہ کا مسئلہ اٹھایا لیکن انہوں نے یہ پیکیج اگر مناسب طریقے سے پڑھا ہوتا تو وہ یہ مطالبہ نہیں کرتے کیونکہ اس پیکیج میں ریاست کے 21 اضلاع کو صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے لئے ٹیکس میں جو خصوصی رعایت دی گئی ہے وہ ایک طرح سے خصوصی ریاست کا درجہ ہی تو ہے ۔