نئی دہلی: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کنٹرول لائن (ایل او سی) اور آر ایس پورا سیکٹر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم (جے کے ڈی ایف) کے سربراہ پنڈت بھوشن بزاز نے حالیہ دنوں فائرنگ اور شیلنگ میں بے قصور افراد کی ہلاکت اور زخمی ہونے کے واقعات پر انتہائی تشویش، افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔ ہندوستان او رپاکستان دونوں سے ہی ایل او سی پرفوراََ جنگ بندی نافذ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے پنڈت بزاز نے کہا کہ سرحد کے ارد گرد رہنے والے لوگوں کی ہلاکت انتہائی افسوس ناک ہے اور کشمیر کا مسئلہ فوجی طاقت کے ذریعہ کبھی حل نہیں کیا جاسکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف پرامن مذاکرات کے ذریعہ ہی ممکن ہے ۔پنڈت بھوشن بزاز نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان او رپاکستان کے قومی سلامتی مشیروں کے درمیان نئی دہلی میں ہونے والی میٹنگ میں کشمیر سمیت دیگر متنازع مسائل پر کوئی مثبت او رتعمیر ی پیش رفت ہوسکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے اور اسے مذاکرات کے ذریعہ کشمیریوں کے امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے ۔