نئی دہلی، 19 دسمبر (یوا ین آئی) افریقی ملک ٹوگو میں قزاقوں کی مدد کرنے کے الزام میں تقریباً پانچ ماہ پہلے گرفتار کیپٹن سنیل جیمس اور ان کے ساتھی وجین کو ہندوستان کی اعلی سطحی سفارتی مداخلت کے بعد رہا کر دیا گیا ہے اور وہ آج وطن کے روانہ ہو جائیں گے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سید ا برالدین نے ٹوئیٹر پر بتایا کہ گھانا کے دارالحکومت ا را میں تعینات ہندوستانی ہائی کمیشن کی ٹوگو کے صدر ناسنگے سے ملاقات کے بعد کیپٹن سنیل اور وجین کو رہا کر دیا گیا ہے ۔ انہوں بتایا کہ اس وقت دونوں ہندوستانی ہائی کمیشن کے ساتھ ہیں اور آج وطن روانہ ہوں گے۔دونوں کو 31 جولائی کو ٹوگو پولیس نے جہاز ایم ٹی اوشن سنچورین سے حراست میں لیا گیا تھا ۔ بحری قزاقو ں سے تحفظ کے لئے مدد طلب کرنے پر انہیں ہی قزاقوں کے ساتھ تعاون کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا ۔ کیپٹن جیمس کے رشتے داروں نے وزیر اعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کرکے ان کی رہائی کے لئے مدد کی اپیل کی تھی ۔پارلیمنٹ میں بھی کل کیپٹن جیمس کا معاملہ اٹھا تھا اور حکومت سے ان کی رہائی کے لئے اعلی سطح پر مداخلت کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔کیپٹن جیمس کے 11 ماہ کے بچے کی دو دسمبر کو سیپٹی سیمیا بیماری سے موت ہو گئی تھی اور بچے کی لاش کو اس امید کے ساتھ ممبئی کے ایک مردہ گھر میں رکھا گیا ہے کہ شاید اس کا باپ آخری بار اپنے بچے کا چہرہ دیکھ پائے ۔