کراچی:کراچی چیمبر آ ف کامرس نے پالیسی سازوں کوودہولڈنگ ٹیکس کے مسئلے کے حل کا تجاویزپرمشتمل پیکیج دے دیا ہے جس میں نان فائلر کوانکم ٹیکس کی مد میں ۲۰ ہزار روپے کے ساتھ ریٹرن جمع کرانے کا پابند بنانے کی تجویز دی گئی ہے اوراس میں سالانہ بنیادوں پر ۲۴ فیصدکی شرح سے اضافہ کرنے کی سفارش کی گئی اوراس تجویز کی منظوری ونفاذ کی صورت میں بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ کے ساتھ۳ سال کے لیے آ ڈٹ سے استثنیٰ بھی حاصل ہوگا۔
کراچی چیمبر کے صدر افتخاروہرہ نے ایف بی آ ر سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی انکم ٹیکس آ ڈٹ سے گریز کرے جبکہ انکم ٹیکس ریٹرن وصول کرنے کے بعد ایک مخصوص حد تک سرمائے اور ٹرن اوور کے حوالے سے غیرضروری سوالات نہ کیے جائیں نیزاس سہولت کا دائرہ کار موجودہ ٹیکس گزاروں تک بھی بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر نے کمرشل امپورٹرزکو سیلز ٹیکس آ ڈٹ سے مستثنیٰ قراردینے کی بھی تجویزدی جو پہلے ہی ۳ فیصد ودہولڈنگ کے ساتھ ۱۷ فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی ) ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی چیمبر ٹیکس دہندگان کو ٹیکس کے پیچیدہ نظام کی وجہ سے پیش آ نے والے مسائل کے حل کے لیے آ واز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ٹیکس کی بروقت ادائیگی اور ریٹرنز جمع کرانے والوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا اورکہاکہ ایف بی آ رٹیکس دہندگان کے ساتھ رویے کو بہتر بناتے ہوئے خوشگوار ماحول قائم کرنے پر توجہ مرکوز رکھے۔