نئی دہلی:اقلیتوں ،خاص طور پر مسلم طلبا و طالبات کو جدید اور عصری تعلیم سے آراستہ کرنے کی غرض سے قائم کردہ مولانا آزاد ایجوکیشن فا¶نڈیشن کی سات منزلہ عمارت کی تعمیرات کا کام اپنے آغاز کی تیاریوں کے آخری مراحل میں ہے ۔مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے کل شام یہاں یو این آئی اردو سروس سے بات چیت کرتے ہوئے دعوی کیا کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے قریب 75 ہزار اسکوائر فٹ زمین پر بننے والی مولانا آزاد ایجوکیشن فا¶نڈیشن کی عمارت کا خاکہ تیار کیا جاچکا ہے ، جس پر جلد ہی کام شروع ہونے والا ہے ۔ گذشتہ روز اس ادارے کی جنرل باڈی میٹنگ میں فا¶نڈیشن کی ری اسٹرکچرنگ کے لئے دی جانے والی منظوری کے بارے میں مرکزی وزیر نے کہا کہ اس ادارے کے قیام کے مقاصد اور اس کی ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی بلکہ اسے مزید موثر اور فعال بنانے میں مدد ملے گی ۔