نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے متحدہ عرب امارات کے حالیہ دورے کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اس دورے سے جہاں ملک میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے امکانات پیدا ہوئے ہیں ، وہیں دونوں ملکوں کے باہمی رشتوں کو مزید تقویت ملے گی۔محترمہ نجمہ نے یو این آئی اردو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی کے اس دورے کے دوران دہشت گردی سے نپٹنے کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات کی حکومت سے جو بات چیت ہوئی ہے ، وہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں وزیر اعظم کا جس والہانہ انداز میں خیر مقدم کیا گیا ، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہا ں کی حکومت نے مسٹر مودی کے دورے کو کتنی زبردست اہمیت دی ہے ۔ ان کے دورے سے دہشت گردی کے مسئلے پر پاکستان تنہا پڑسکتا ہے ۔ وزیر اعظم کے اس دورے سے متحدہ عرب امارات میں بڑی تعداد میں مقیم ہندوستانیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔