لکھنؤ۔ چو ک کے رہنے والے زیورات تاجر کی بیوی کی موت کے بعد تین دن تک اس کی لاش مرچری پر پڑی رہی۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم ڈاکٹروں کے پینل سے کرایا جانا ہے۔ تین دن سے خاتون کے میکے والے باہر بیٹھے رہے۔ جب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو انہوں نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ ہنگامہ شروع ہوتے ہی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا اور لاش گھر والوں کے سپرد کر دی گئی۔ چوک کے دل آرام بارہ دری کے رہنے والے زیورات کے کاریگر سچن سونی کی بیوی دیپیکا کی گزشتہ اتوار کو مشتبہ حالات میں موت ہو گئی تھی۔ سسرال والوں کا کہنا تھا کہ دیپیکا نے پھانسی لگاکر خودکشی کی ہے۔ دوسری طرف دیپیکا کی موت کی خبر پاکر جب اس کے میکے والے گونڈہ سے پہنچے تو ان لوگوں نے شوہر اور سسرال والوں پر جہیز کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر دیپیکا کے قتل کا الزام لگایا ہے اور شوہرو سسرال والوں کے خلاف جہیز کے سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرا دیا۔ واقعہ کے بعد چوک پولیس نے تحقیقات کر کے دیپیکا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پوسٹ مارٹم ملازمین کا کہنا تھا کہ لاش کا پوسٹ مارٹم ڈاکٹروں کا ایک پینل کرے گا اس لئے تین دن تک لاش کا پوسٹ مارٹم نہیں ہو سکا۔ بدھ کو جب اس کے میکے والوں نے ہنگامہ شروع کیا تو پوسٹ مارٹم کرایا گیا اور لاش اہل خانہ کے سپرد کر دی گئی۔