لکھنؤ۔ بیوی کو رخصت کرانے آئے ایک شخص کا اپنی بیوی سے اختلاف ہو گیا۔ پہلے تو اس نے بیوی پر گولی چلا دی ۔ اتفاق سے گولی عورت کے نہیں لگی۔ اس کے بعد ملزم نے بیوی کے سر پر طمنچہ کی بٹ سے حملہ کر دیا۔ زخمی عورت کو اسپتال میں بھرتی کر دیا گیا۔ مڑیاؤں پولیس نے اس معاملہ میں ملزم کے خلاف رپورٹ درج کر لی ہے۔ مڑیاؤں کے پلٹن چھاؤنی کی رہنے والی پریتی سونی کی چھ ماہ قبل موہن لال گنج کے کٹے بھیٹ گاؤں کے رہنے والے آشیش عرف شنی سونی سے شادی ہوئی تھی۔ شادی کے بعد سے ہی وہ بیوی کو مارتا پیٹتا تھا۔ شوہر کی ان زیادتیوں سے تنگ آکر پریتی اپنے گھر چلی آئی۔
آشیش کئی مرتبہ بیوی کو لینے اس کے میکے گیا مگر وہ نہیں آئی۔ گزشتہ منگل کو بھی وہ بیوی کو رخصت کرنے کے مقصد سے اس کے میکے گیا تھا۔ بات چیت کے دوران بات بگڑ گئی اسی درمیان اس نے طمنچہ نکالا اور پریتی پر گولی چلا دی ۔ اتفاق سے گولی پریتی کو نہیں لگی جس کے بعد ملزم آشیش نے بیوی کے سر پر طمنچہ کی بٹ سے حملہ کر دیا جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہو گئی۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔ واقعہ کی رپورٹ مڑیاؤں تھانہ میں اقدام قتل کی حیثیت سے درج کرائی گئی۔