لکھنؤ۔ پانچ روز کے دورے پر آئی عالمی بینک کی ٹیم نے بدھ کو ایل ایم آر سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی ۔منگل کو ٹیم نے راجدھانی کے مشغول علاقوں کا دورہ کر کے ٹریفک اور جام کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ عالمی بینک کے افسران نے میٹرو کے شروع ہونے پر آنے والی دشواریوں اور ٹریفک کے سلسلہ میں کچھ سفارشات پیش کیں۔ جلسہ کے بعد ان افسران نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ انہوں نے اسکیم پر عمل درآمد کے سلسلہ میں دلچسپی دکھائی۔ معلوم ہوا ہے کہ آر وی این ایل کی تجویز پر غور کیا جا سکتا ہے۔ راجو اگروال نے بتایا کہ ورلڈ بینک کی تکنیکی معلومات کو لیکر مدد طلب کی جا سکتی ہے۔ بینک کی ۷ رکنی ٹیم نے مختلف پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد متعلقہ محکموں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔ ٹیم نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹیشن سسٹم کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے مختلف امور پر توجہ دینی ہوگی۔ میٹرو سیل عوام کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں جوڑنے کیلئے پارکنگ کا بھی بندوبست ہونا چاہئے۔ اس سلسلہ میں میٹرو اسٹیشن پر پارکنگ کیلئے دو پہیہ گاڑی کی سہولتیں مہیاکرائی جائیں۔ ایم ڈی اگروال نے بتایا کہ اس سلسلہ میں اسٹیشن کے پاس زمیندوز یا آس پاس کی دکانوں کی اوپری منزل کو پارکنگ کی شکل میںاستعمال کیا جا سکتاہے۔اسی کے ساتھ فیڈر بس سروس اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے ذرائع کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ عالمی بینک کی ٹیم نے ہائی کورٹ کے تراہے حضرت گنج اور قیصر باغ کے قرب و جوار کا جائزہ لیا اورجام کی صورتحال کو دیکھا۔