اسلام آباد: نیشنل بینک آف پاکستان کی گاڑی کے ذریعے کالعدم تنظیم کے ایک خطرناک اشتہاری کو اسلام آباد سے لاہور منتقل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پنجاب کے سابق وزیر داخلہ کرنل شجاع خانزادہ کی دھماکے میں شہادت کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم تنظیموں کے خطرناک دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر رکھا ہے۔ نیشنل بینک کی گاڑیوں کے کراچی میں بھی جرائم پیشہ لوگوں کے زیر استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے ایک کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب دہشت گرد نے نیشنل بینک اسلام آباد کی گاڑی میں مبینہ طور پر سفر کیا ہے۔ پاکستان کے انٹیلی جنس ذرائع کو ملنے والی معلومات نیشنل بینک کی یونین کے عہدیداروں کا کیس پچھلے ہفتے اسلام آباد میں زیر سماعت تھا جہاں پر یونین کے اہم ترین لیڈر پیش ہوئے۔
واپسی پر کالعدم تنظیم کے ایک مطلوب دہشت گرد کو لاہور تک سفر کرانے کیلئے نیشنل بینک کی گاڑی جس پر بینک کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی لاہور پہنچانے کیلئے کراچی آفس سے خصوصی اجازت لی گئی اور اس طرح اس مبینہ مطلوب شخص کو بحفاظت لاہور پہنچایا گیا۔ دریں اثناء یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کراچی میں بھی نیشنل بینک کی گاڑیاں جرائم پیشہ لوگوں کے زیر استعمال رہی ہیں اور کئی گاڑیاں آج تک بینک کو واپس ہی نہیں ملیں اس حوالے سے موقف جاننے کیلئے بینک کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں اعلیٰ عہدیداروں سے بات کرکے آئندہ پیر تک اپنا موقف پیش کر سکوں گا۔ البتہ میرے علم میں نہیں ہے کہ نیشنل بینک کی گاڑیاں جرائم پیشہ لوگ استعمال کررہے ہیں۔