نئی دہلی ؛ پیاز کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور یہ قیمتیں عوام کو رُلا رہی ہیں ایسے میں حکومت پیاز کا پیسٹ اور پاؤڈر بنانے کا منصوبہ بنارہی ہے۔
وزیر اغذیہ ہریشمتھ سنگھ بادل نے ایک تدبیر پیش کی ہے جس کے ذریعہ باورچی خانہ کی ایک اہم شئے پاؤڈر اور پیسٹ کی شکل میں بنانے کا مشورہ دیا ہے۔ موسم برسات کے دوران پیاز کی قلت کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عوام کو چاہئے کہ وہ سستی پیاز کے دنوں میں اس کا ذخیرہ کرکے پیسٹ اور پاؤڈر بنالیں۔ ان کا احساس ہے کہ پیاز کی قیمتیں سال بھر کی تجارت کے دوران بڑھتی اور کم ہوتی ہیں اور مانسون کے دوران اس میں شدید اضافہ ہوتا ہے لہذا صارفین کو چاہئے کہ بڑھتی قیمتوں سے بچنے کیلئے وہ پیاز کی ذخیرہ اندوزی کرتے ہوئے اس کا پیسٹ بنالیں۔
اس وقت ملک میں پیاز کی ہول سیل قیمت 60 روپئے فی کیلوگرام ہے اور ریٹیل مارکٹ میں تقریباً 80 روپئے فی کیلوگرام فروخت ہورہی ہے۔ وزیر فوڈ پروسیسنگ نے اس تدبیر کے ساتھ پیاز کی قلت سے نمٹنے کی تجویز بھی رکھی ہے۔ مہاراشٹرا کے لاسل گاؤں میں جو پیاز کی مارکٹ کا سب سے بڑا ایشیائی مرکز ہے ، فی کیلو گرام57 روپئے دستیاب ہے۔ یہاں پر پیاز کی قیمت میں مزید اضافہ کا اندیشہ ہے۔ پیاز کی پیداوار میں کمی کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ حکومت پیاز کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے فی ایکر ایک کروڑ روپئے کی سبسڈی دینے تیار ہے۔