دولت اسلامیہ نے گزشتہ روز بالشامن میں بڑی تعداد میں بارودی مواد نصب کیا اور اڑا دیا جس کے باعث عبادت گاہ کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ شام کے حکام کے مطابق شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے یونیسکو کا عالمی ورثہ قرار دی جانے والی جگہ پیلمائرا میں واقع قدیم عبادت گاہ بالشامن کو تباہ کردیا ہے۔ شام کے آثار قدیمہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس عبادت گاہ کو اتوار کے روز تباہ کیا گیا۔
شام کے آثار قدیمہ کے سربراہ مامون عبدالکریم نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا دولت اسلامیہ نے اتوار کے روز بالشامن میں بڑی تعداد میں بارودی مواد نصب کیا اور اڑا دیا جس کے باعث عبادت گاہ کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ عبادت گاہ کا اندرونی حصہ تباہ ہو گیا ہے اور اس کے ستون بھی تباہ ہوئے ہیں۔
تاہم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ پیلمائرا سے نکل جانے والے مقامی رہائشیوں کا بھی کہنا ہے کہ اس عبادت گاہ میں بڑی تعداد میں بارودی مداو نصب کیا گیا لیکن یہ ایک ماہ قبل کیا گیا تھا۔ بالشامن پہلی سن عیسوی میں تعمیر کیا گئی تھی۔ یاد رہے کہ چند دن قبل ہی شام کے معروف قدیمی شہر پیلمائرا (تدمر) میں رومی دور کے آثار کی دیکھ بھال کرنے والے شخص کو قتل کر دیا گیا تھا۔