راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سرحد پار افغانستان سے خیبر ایجنسی میں قائم پاک فوج کی پوسٹ پر راکٹ فائرہوا ہے، حملے میں 4 فوجی جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کی سرحد سے کئے گئے دہشت گردوں کے حملے میں درہ اکھنڈولا میں 8 ہزار فٹ کی بلندی پر موجود پاک فوج کی پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان کے علاقوں سے پاکستانی سرحدی مقامات بالخصوص باجوڑ ایجنسی، مہمند، چترال اور دیر کے اضلاع میں پہلے بھی حملے ہوتے رہے ہیں۔
تاہم خیبر ایجنسی میں سرحد پار سے حملوں کے واقعات اس سے پہلے کم ہی دیکھنے میں آئے ہیں۔ حالیہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر کشیدگی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے مسلسل جنگ کے پیغامات مل رہے ہیں۔رواں ماہ ہی پاک افغان سرحد پر لڑائی میں افغان سکیورٹی فورسز کے آٹھ اہلکار ہلاک ہوئے تھے اور اس واقعے پر افغانستان نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔