فوٹوگرافر کرسٹی مِلر نے بتایا کہ میل گبسن اور ان کی گرل فرینڈ کی تصاویر لینے کے دوران اُن سے بدکلامی کی گئی
آسکرانعام یافتہ اداکار میل گبسن پر آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایک خاتون فوٹوگرافر کو دھکا دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ڈیلی ٹیلی گراف کی فوٹوگرافر کرسٹی مِلر نے آسٹریلوی میڈیا کو بتایا کہ میل گبسن اور ان کی گرل فرینڈ کی تصاویر لینے کے دوران اُنھیں دھکا دیاگیا اور اُن سے بدکلامی کی گئی۔
انھوں نے الزام لگایا کہ گبسن نے بحث وتکراراس وقت ختم کی جب ان کی 24 سالہ امریکی گھڑسوار دوست روسالنڈ روس نے بیچ میں مداخلت کی۔
مِلر کے مطابق’مجھے لگا کہ وہ میرے چہرے پر مُکا مارنے والے ہیں۔ وہ مجھ پرچِلا رہے تھے اور اس دوران وہ میرے چہرے پر تھوک رہے تھے۔‘
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ وہ اتوار کو ایک سینما کے باہر خاتون فوٹوگرافر کو دھکا دینے سے متعلق اطلاعات کی تحقیقات کررہی ہے۔
سینیچر کو جاری کیے گئے بیان میں پولیس کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ رات چھ بج کر 20 منٹ کے قریب مبینہ طور پر ایک شخص آکسفورڈ سٹریٹ پیڈنگٹن کے سینما کے باہرایک خاتون فوٹوگرافر کے ساتھ جھگڑے میں ملوث پایاگیا تھا اور الزام ہے کہ اس نے خاتون فوٹوگرافرکو دھکا دیاتھا۔‘
’سری ہلز کی مقامی پولیس احکامات کے مطابق واقعے کی تحقیقات کررہی ہے اوردیگر لوگوں کی فراہم کردہ معلومات کے ذریعے تحقیقات آگے بڑھائی جارہی ہیں۔‘
اس حوالے سے میل گبسن کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔